حکومت اور تحریک انصاف میں تنازعہ طے کرانے کیلئے اہم سیاسی شخصیات سرگرم

اسلام آْباد(ثناء نیوز) وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان موجودہ سیاسی تنازع کو طے کرانے کے لئے پس پردہ اہم سیاسی شخصیات اور حلقے سرگرم ہوگئے ہیں۔ ان شخصیات اورحلقوں نے وفاق اور تحریک انصاف کوپیغام دیا ہے کہ وہ موجودہ مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعہ نکالیں اور سیاسی اختلافات کو سیاسی طریقے سے حل کیا جائے اور ملک کو انتشار کی کیفیت میں نہ ڈالا جائے ۔ ذرائع نے  نجی ٹی وی  کو بتایا کہ معاملے کو طے کرانے کے لیے سندھ کی ایک بہت اہم سیاسی شخصیت کو ثالث کے طور پر معاملہ حل کرانے کے لیے پس پردہ اہم ذمے داری دینے کا بھی عندیہ دیا گیا ہے اور دونوں کو کہا گیا ہے کہ اس ثالث کی موجودگی میں مذاکرات کے ذریعہ حل کرایا جاسکتا ہے ۔ تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال حکومت سے مذاکرات کا کوئی پروگرام نہیں ہے ،اگر حالات گھمبیر نظر آئے اور ملکی مفاد میں کوئی فیصلہ کرنا پڑا تو کور کمیٹی آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کا فیصلہ کرے گی۔