کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سعد رفیق کو نوٹس جاری

اسلام آباد (آن لائن) الیکشن کمشن آف پاکستان نے کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق کونوٹس جاری کرتے ہوئے 7 روز میں جواب طلب کر لیا۔جمعرات کے روز چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے عوامی تحریک کی جانب سے بلدیاتی الیکشن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔ الیکشن کمشنر نے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم  دیا ہے کہ وہ بذات خود انفرادی طور پر الیکشن کمشن میں حاضر ہو کر جواب داخل کرائیں۔ واضح رہے کہ خواجہ سعد رفیق کے خلاف عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پورا نے کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی الیکشن میں مداخلت اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر الیکشن کمشن میں درخواست دائر کی تھی۔