نوشہرو فیروز میں ترقیاتی منصوبوں پر اختلافات، وفاقی وزیر صنعت نے سیکرٹری کی موجودگی میں دفتر آنا چھوڑ دیا

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر صنعت مرتضی جتوئی اور سیکرٹری صنعت کے مابین اختلافات شدت اختیار کر گئے۔ وزیراعظم کے وعدے کے باوجود سیکرٹری کو تبدیل نہیں کیا جا سکا۔ وزارت صنعت کے ذرائع کے مطابق اختلافات اس وقت پیدا ہوئے جب وفاقی وزیر نے سیکرٹری صنعت کو صنعتی زون، یونیورسٹی، پاکستان اور فرنیچر سمیت چند منصوبے جس کی مالیت ڈیڑھ ارب کے قریب بنتی تھی کو ان کے آبائی علاقے نوشہرو فیروز منتقل کرنے کا کہا مگر سیکرٹری نے ان منصوبوں کی منتقلی کو ناقابل عمل قرار دیا جس پر وفاقی وزیر ان سے ناراض ہو گئے اور طاقتور سیکرٹری کو ہٹانے میں ناکامی پر خود ہی وزارت سے غیراعلانیہ علیحدگی کر لی، جو کئی ماہ تک جاری رہی۔ مارچ میں وزیراعظم نے انہیں دوبارہ وزارت سنبھالنے کا کہا۔ وزیراعظم نے اپنے سیکرٹری کو سیکرٹری صنعت کو ہٹانے کی ہدایت کی جنہوں نے سیکرٹری صنعت کو ملاقات کے لئے بلایا مگر ابھی تک انہیں تبدیل نہیں کیا گیا۔ وزیر صنعت اب سیکرٹری کی موجودگی میں دفتر بھی نہیں آتے ہیں۔