نادرا نے کنٹونمنٹ ایریاز کی انتخابی فہرستیں الیکشن کمشن کے حوالے کر دیں

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) نادرا نے ملک بھر کے کنٹونمنٹ ایریاز میں لوکل گورنمنٹ کے انتخابات کے انعقاد میں استعمال کیلئے حتمی الیکشن فہرستیں الیکشن کمشن کے حوالے کر دی ہیں۔ سپریم کورٹ اور الیکشن کمشن کی ہدایات کے مطابق نادرا نے اپنے شہریوں کے ڈیٹابیس کو استعمال کرتے ہوئے ملک بھر میں کنٹونمنٹ کے علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کیلئے انتخابی فہرستیں اپ ڈیٹ کرنے کے عمل کے بعد الیکشن کمشن کو فراہم کر دی گئی ہیں۔ نادرا کے ترجمان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں پہلی بار نادرا نے چھائونی کے علاقہ میں رہنے والے ہر ایک ووٹر کی تصویر کمپیوٹرائزڈ فہرستوں میں شامل کی ہے۔ ملک بھر میں چھائونیوں کے علاقوں میں کل ووٹرز کی تعداد 1,872,739 ہے جن میں سے 10,10,245 مرد اور 862,494 خواتین ہیں۔