فوجی دستہ سعودی عرب بھجوانے کا فیصلہ کر لیا، لیگی ایم این اے رانا افضل

اسلام آباد (نیٹ نیوز) مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا افضل نے کہا ہے پاکستان نے مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال میں سعودی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے بقول ان کے ’اپنی افواج سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے‘ تاہم ان کا کہنا تھا ’مشاورت کیلئے معاملے کو پارلیمنٹ کے سامنے بھی پیش کیا جائیگا‘ وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا ’سعودی عرب سے پاکستان کے اعلیٰ ترین وفد کی واپسی کے بعد وزیراعظم نے طویل اجلاس منعقد کئے اور معاملات کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لینے کے بعد پاکستانی فوج سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ہم اس مسئلے کو پارلیمنٹ کے سامنے بھی پیش کریں گے تاکہ ان کا نقطہ نظر بھی سامنے آئے اور یہی جمہوریت کا حسن ہے کہ کسی فیصلے میں اپوزیشن کا ان پٹ بھی لیا جائے‘