الیکشن کمشن نے سیاسی جماعتوں سے 29 اگست تک اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لیں

اسلام آباد (آن لائن) الیکشن کمشن آف پاکستان نے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 29 اگست تک اپنے تمام اثاثہ جات اور بیرون ملک فنڈ کے حوالے سے معلومات الیکشن کمشن میں جمع کروائیں جبکہ ممبران پارلیمنٹ سے بھی 30 ستمبر تک ان کے انفرادی اثاثہ جات کی معلومات طلب کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشن نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی پارٹیاں 29 اگست کو اپنے تمام اثاثے اور بیرون مل سے آنے والے تمام فنڈز کے حوالے سے مکمل معلومات الیکشن کمشن میں جمع کروائیں جبکہ 30 ستمبر کو تمام ممبران پارلیمنٹ صوبائی اسمبلیوں کے ممبران اپنے انفرادی اثاثے الیکشن کمشن کو جمع کروائیں گے جس کے بعد تمام معلومات الیکشن کمشن کی ویب سائٹ پر جاری کر دی جائیں گی الیکشن کمشن نے مزید بتایا کہ تمام معلومات ویب سائٹ پر شائع ہونے کے بعد کسی بھی ممبر کے خلاف کوئی بھی شخص ثبوت فراہم کر کے نااہلی کی درخواست دے سکے گا۔