لیگی دھڑوں کے اتحاد کیلئے 5 رکنی وفد نوازشریف سے ملاقات کریگا: اعجازالحق

اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ضیائ) کے سربراہ محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ متحدہ مسلم لیگ الائنس قائم کیا جا رہا ہے اگلے مرحلے میں چاروں صوبوں میں دیگر جماعتوں کو ساتھ ملا کر پاکستان گرینڈ الائنس یا عوامی اسلامی محاذ قائم کیا جائے گا۔ مسلم لیگی دھڑے مدغم نہیں ہوں گے لیکن اپنی انفرادیت قائم رکھتے ہوئے ایک الائنس قائم کرے گا آل پاکستان مسلم لیگ کا 5 رکنی وفد مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف سے ملاقات کرے گا اور ان سے مسلم لیگی دھڑوں کے اتحاد پر بات چیت کرے گا۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو ”نوائے وقت“ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم رحیم یار خان سے رابطہ عوام مہم شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ عوامی الائنس مسلم لیگ کے لاہور میں ہونے والے اجلاس میں مبصر کی حیثیت سے شرکت کرے گا‘ جب ان سے پوچھا گیا جنرل مشرف کے سیاسی مستقبل کے بارے ان کی رائے کیا ہے تو انہوں نے کہا کہ جب وہ پاکستان آئیں گے تو پھر تبصرہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو گئی ہے موجودہ حالات میں حکومت خود مڈٹرم الیکشن کا اعلان کر سکتی ہے۔ محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ متحدہ مسلم لیگ کا وفد جلد روزنامہ ”نوائے وقت“ کے چیف ایڈیٹر جناب مجید نظامی سے بھی ملاقات کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگی دھڑوں کا اتحاد جناب مجید نظامی کی دیرینہ خواہش کی تکمیل ہوگا‘ ہمیں اس سلسلے میں ان کی رہنمائی حاصل ہے۔