این آر او پر دستخط کیلئے شجاعت اور پرویز الٰہی نے مشرف کو قائل کیا: چٹھہ

اسلام آباد (جی این آئی) مسلم لیگ ہم خیال کے چیئرمین حامد ناصر چٹھہ نے انکشاف کیا ہے کہ چودھری شجاعت اور پرویز الٰہی نے پرویز مشرف کو قائل کیا کہ وہ این آر او پر دستخط کر دیںکیونکہ پرویز الٰہی وزیراعظم بننے کے لئے امیدوار تھے اس لئے وہ نہیں چاہتے تھے کہ بے نظیر بھٹو کو تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے کا موقع دیا جانا چاہئے۔ دریں اثناءمسلم لیگ (ق) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ حامد ناصر چٹھہ جھوٹ سے کام لے رہے ہیں کیونکہ حامد ناصر چٹھہ‘ ہمایوں اختر خان‘ سینیٹر سلیم سیف اللہ‘ سمیرا ملک اور محمد علی درانی مشرف کی کچن کیبنٹ تھے اور مشرف کوئی بھی کام ان کی مشاورت سے ہی کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مشرف نے اپنی پریس کانفرنس میں جن سیاسی دوستوں کی طرف اشارہ کیا ہے دراصل وہ سیاسی دوست ہی چار کا ٹولہ تھا اور جن کی مشاورت سے ہی این آر او ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی پر این آر او پر دستخط کرانے کا الزام غلط ہے۔