کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے وزیر خزانہ اور انکی اقتصادی ٹیم کو سراہا ترجمان وفاقی حکومت کی وضاحت

کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے وزیر خزانہ اور انکی اقتصادی ٹیم کو سراہا ترجمان وفاقی حکومت کی وضاحت

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی حکومت کے ترجمان نے وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ کی وفاقی کابینہ کے بارے میں دی گئی بریفنگ کے برعکس کابینہ کی کارروائی کے بارے میں کی جانے والی رپورٹنگ پر شدید اعتراضات کرتے ہوئے اسے صحافتی ضابطہ اخلاق اور انصاف کے اصولوں کے منافی قرار دیا ہے۔ ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ بعض اخبارات نے گمراہ کن من گھڑت اور شرانگیز شہ سرخیاں لگائی ہیں جو حقائق کے برعکس اور سیاق و سباق سے مکمل طور پر ہٹ کر ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پالیسیوں کی ناکامی کے حوالے سے وزیراعظم سے منسوب الفاظ انہوں نے قطعی طور پر ادا نہیں کئے۔ وزیر اطلاعات نے اپنی بریفنگ میں دوٹوک انداز میں واضح کیا تھا کہ انتخابی قوانین زیر بحث نہیں آئے لیکن اس کے باوجود بعض اخبارات نے یہ تحریر کیا کہ یہ زیر غور آئے۔ اجلاس میں وزیر نے جھگڑا کیا نہ ہی تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا لیکن بدقسمتی سے بعض اخبارات نے یہ رپورٹ کیا کہ وزیر خزانہ پر مبینہ طور پر اقتصادی پالیسیوں کے حوالے سے تنقید کی گئی جو بے بنیاد ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس کے برعکس وزیراعظم نے وزیر خزانہ اور ان کی اقتصادی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔دریں اثناءوزیراعظم کے ترجمان نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ بعض ذرائع ابلاغ نے کابینہ اجلاس کی کارروائی کو غلط رپورٹ کیا اور وزیراعظم سے وہ الفاظ منسوب کئے گئے جو انہوں نے ادا نہیں کئے۔ اپنے بیان میں ترجمان نے کہا کہ کابینہ اجلاس کو سیکرٹری خزانہ کی طرف سے ملک میں قیمتوں کے رجحانات کے بارے میں مختصر پریزنٹیشن دی گئی جس کے بعد عمومی بحث ہوئی۔ وزیراعظم نے کٹھن حالات میں شاندار اقتصادی مینجمنٹ کی فراہمی میں وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے بحث کو سمیٹا۔