ملالہ کی پاکستان میں حفاظت ایک مسئلہ ہو گا : برطانوی ہائی کمشنر

اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر ایڈم تھامسن نے کہا ہے کہ برطانیہ کی وزیر سعیدہ وارثی جلد پاکستان کا دورہ کریں گی۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ہر شعبہ میں تعاون بڑھ رہا ہے۔ نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی کو برمنگھم کے کوئین ایلزبتھ ہسپتال میں داخل کرانے کا فیصلہ پاکستانی ڈاکٹروں کا تھا۔ ملالہ کو دنیا کا ہر ملک علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لئے تیار تھا۔ ہمیں فخر ہے کہ ملالہ کا علاج برطانیہ میں ہو رہا ہے۔ اطمینان بخش بات یہ ہے کہ ملالہ کی صحت تیزی سے بہتر ہو رہی ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی بہادر اور خواتین کے حقوق کے لئے لڑنے والی ایک آئی کون ہے۔ توقع ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوکر پاکستان واپس آجائے گی لیکن پاکستان میں اس کی حفاظت ایک مسئلہ ہوگا۔