تحریک انصاف نے نجم سیٹھی سے 35 پنکچروں کا سوال کیوں نہیں کیا: انوشہ رحمان

تحریک انصاف نے نجم سیٹھی سے 35 پنکچروں کا سوال کیوں نہیں کیا: انوشہ رحمان

اسلام آباد (آئی این پی) وزیر مملکت برائے انفارمیشن و ٹیکنالوجی انوشہ رحمان نے کہا ہے کہ نجم سیٹھی جوڈیشل کمیشن میں پیش ہوئے تو تحریک انصاف نے ان سے 35 پنکچرز کا سوال کیوں نہیں کیا؟ عمران خان ووٹ نہ دینے پر عوام کو سزا دے رہے ہیں، تحریک انصاف خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات میں بدنظمی کا جواب دے۔ وہ جوڈیشل کمشن کے اجلاس کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ہارنے والی جماعتیں عوام کو گمراہ کر رہی ہیں، عمران خان عوام کو دھوکہ دینے اور ورغلانے کا جواب دیں، خیبر پی کے میں تحریک انصاف کا ایک وزیر بیلٹ باکس اٹھا کر لے گیا، عمران خان خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات میں بد نظمی کا جواب دیں۔ عمران خان کے پاس اُردو بازار سے بیلٹ پیپرز چھپوانے کا کوئی ثبوت نہیں، وہ منظم دھاندلی اور 35 پنکچرز کا ثبوت پیش نہیں کر سکے، آج تو نجم سیٹھی سامنے تھے پھر تحریک انصاف نے ان سے 35 پنکچرز کا سوال کیوں نہیں کیا؟ عمران خان ووٹ نہ دینے پر عوام کو سزا دے رہے ہیں، عمران خان اداروں کی تحقیر کرنا چھوڑ دیں۔ تحریک انصاف نے ابھی تک دھاندلی کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔