این اے 122 پر سپلیمنٹری رپورٹ فریقین کے وکیلوں کی درخواست پر جمع کرائی: نادرا

اسلام آباد (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) ترجمان نادرا نے کہا ہے کہ قومی ادارے اور چیئرمین نادرا کے خلاف تضحیک آمیز بیانات سے گریز کیا جائے، سپلیمنٹری رپورٹ فریقین کے وکلاء کی درخواست پر جمع کرائی۔ عمران خان کے بیان پر ترجمان نادرا نے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ این اے 122 سے متعلق سپلیمنٹری رپورٹ فریقین کے وکلاء کی درخواست پر جمع کرائی گئی۔ نادرا نے پہلے بھی الیکشن ٹربیونل میں ہر رپورٹ کا دفاع کیا ہے، اب این اے 122 کی رپورٹ پر بھی ٹربیونل میں دفاع کیا جائے گا۔ قومی ادارے اور چیئرمین کے خلاف تضحیک آمیز بیانات سے گریز کیا جائے ایسے تمام بیانات کا ریکارڈ آئندہ سماعت پر ٹربیونل میں پیش کریں گے۔ پی ٹی آئی قومی ادارے اور اس کے چیئرمین کیخلاف تضحیک آمیز بیانات نہ دے۔ نادرا کی سپلیمنٹری رپورٹ عمران خان اور ایاز صادق کے وکیلوں کی درخواست پر ٹربیونل میں جمع کرائی ہے۔