آفتاب چیمہ اور نیکوکارا کی بحالی سے متعلق درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی گئی

اسلام آباد ( وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے سابق آئی جی اسلام آباد آفتاب احمد چیمہ اور سابق ایس ایس پی (آپریشنز) محمد علی نیکوکارا کی بحالی کے حوالے سے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی ہے۔ چار سابق آئی جی پولیس افتخار رشید، افضل شگری ، طارق پرویز اور شوکت جاوید نے آئی جی آفتاب احمد چیمہ اور سابق ایس ایس پی محمد علی نیکوکارا کے خلاف محکمانہ کارروائی کو عدالت عالیہ میں چیلنج کیا تھا جس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ دونوں پولیس افسروں کو دھرنے کے شرکاء پر طاقت کا استعمال نہ کرنے پر محکمانہ کارروائی کا نشانہ بنایا گیا جس پر آئی جی آفتاب احمد چیمہ نے رخصت لے لی جبکہ ایس ایس پی محمد علی نیکو کارا کو برطرف کر دیا گیا تھا۔ عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کیا تھا جو گزشتہ روز سنایا گیا۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے بھی اس کیس میں فریق بننے کی درخواست دائر کی تھی۔