مہنگائی10 فیصد سے کم رہی، زرمبادلہ کے ذخائر 10 ارب ڈالر تک لے جانے کا وعدہ پورا کیا:وفاقی حکومت

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی حکومت نے ایک سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ  مارچ 2014ء تک زر مبادلہ کے ذخائر 10 ارب ڈالر تک لے جانے کا وعدہ پورا کیا ہے۔ کامیابی سے آئی ایم ایف کا 6.64ارب ڈالر کا پروگرام مکمل کیا، توانائی کے شعبے میں 480 ارب روپے کے گردشی قرضے ادا کئے، رواں مالی سال مارچ تک مہنگائی کی شرح 10فیصد سے کم رہی۔ نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے اپنی ایک سالہ حکومتی کارکردگی کی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ایک سال کے دوران حکومت نے متعدد معاشی اہداف حاصل کئے ہیں، جس میں رواں مالی سال مارچ تک مہنگائی کی شرح 10فیصد سے کم لانا شامل ہے۔ توانائی کے شعبے میں 480 ارب روپے کا سرکلر ڈیٹ ادا کیا، جس سے لوڈ شیڈنگ میں کمی آئی۔ رواں مالی سال کے بجٹ میں انکم سپورٹ پروگرام کی مد میں 75ارب روپے رکھے جس سے غریب خاندانوں کی کفالت کی گئی۔ زر مبادلہ کے ذخائر ستمبر تک 15ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف ہے۔ رپورٹ کے مطابق حکومت کی کوششوں سے پہلی بار ایک لاکھ نئے افراد نے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرائیں جس سے ریونیو میں اضافہ ہوا۔ عالمی مارکیٹ میں یورو بانڈز کے اجراء سے 2ارب ڈالر حاصل کئے گئے جس سے ڈالر کی قیمت میں کمی آئی۔ ایک سال کے دوران حکومت نے کامیابی سے آئی ایم ایف کا 6.64ارب ڈالر کا پروگرام مکمل کیا۔