ممکنہ گرینڈ الائنس: حکومت کا سیاسی جماعتوں سے بیک ڈور رابطے کا فیصلہ

 اسلام آباد (آن لائن) وفاقی حکومت نے  اپنے  خلاف بننے والے متوقع  گرینڈ  الائنس  میں تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں کی شمولیت  کو روکنے  کے لئے ان سے بیک ڈور رابطے کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کیلئے مختلف رہنمائوں کی ذمہ داریاں لگادی گئی ہیں جو جلد رابطے کریں گے۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے صدرمخدوم جاوید ہاشمی سے بیک ڈور   رابطہ کیاگیا  ہے  جس میں انہوں   نے مسلم لیگ (ن) کو یقین دہانی کرائی ہے کہ تحریک انصاف (ق) لیگ اور عوامی  تحریک کے درمیان بننے والے الائنس  کا حصہ نہیں بنے گی اور نہ ہی  حکومت کو گرانے کا سبب بنے گی تاہم واضح کیا ہے کہ اگر   بہت مجبور ہوئے تو مڈٹرم  انتخابات کا مطالبہ  کرسکتے ہیں جو آئینی اور جمہوری راستہ ہے  ۔ ذرائع  نے  بتایا کہ  وفاقی حکومت نے  اپنے خلاف  سیاسی اتحاد  کیخلاف سیاسی حکمت عملی  کو عملی شکل  دینا شروع کردی۔تحریک انصاف کے رہنما جاوید ہاشمی  ، ایم کیو ایم کے فاروق ستار ، اے این پی کے  شاہی سید ، جے یو آئی (ف) کے رہنما عبدالغفور حیدری ، جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن  سے رابطوں کا فیصلہ  کیا ہے۔ یہ رابطے  رواں ہفتے کئے جائینگے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی  سے بھی قریبی رابطے کے لئے خورشید شاہ سے بات کی جائے گی۔