علاقائی دفاتر رات 11 بجے تک کھلے رکھے جائیں اور لوگوں کی داد رسی کی جائے وزیراعظم کی لیگی ارکان اسمبلی کوہدایت

اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے لیگی ایم این ایز اور ایم پی ایز کو اپنے اپنے حلقوں کے لوگوں سے قریبی روابط استوار کرنے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں اور کہا ہے کہ  علاقائی دفاتر صبح 9 بجے سے رات 11 بجے تک کھلے رکھے جائیں اور لوگوں کی داد رسی کی جائے۔ لیگی ارکان پارلیمنٹ کے قریبی ذرائع نے  بتایاکہ وزیراعظم نے سیاسی اتحاد کی تشکیل کے پیش نظر ارکان پارلیمنٹ کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں جس کے تحت ان کے اپنے حلقوں میں زیادہ سے زیادہ وقت گزارنے اور لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا کہا گیا ہے۔ جاری ترقیاتی کاموں کوبھی جلد از جلد مکمل کرنے کا کہا گیا ہے۔