صدیق الفاروق عمران پر الزامات لگا کر نواز شریف کے منظور نظر بننا چاہتے ہیں: ترجمان چیئرمین تحریک انصاف

اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کے ترجمان نعیم الحق نے کہا مسلم لیگ (ن) کے راہنما صدیق الفاروق  نالائق ہیں ، ایسے احمقانہ بیانات دے کر نواز شریف کے منظور نظر بننا چاہتے ہیں‘ شوکت خانم ایک بین الاقوامی طرز کا فلاحی ادارہ ہے جس میں لاکھوں غریبوں کا مفت علاج ہوتا ہے‘ صدیق الفاروق عمران  خان پر تنقید کرنے سے پہلے اپنا ذریعہ معاش بتائیں‘ امریکی سی آئی اے کے اہلکار ریمنڈ ڈیوس کی رہائی میں اہم کردار ادا کرنے والے صدیق الفاروق بتائیں کہ شریف خاندان نے پیسہ کیسے بنایا۔ اتوار کو  اپنے ایک بیان  میں عمران خان کے ترجمان نعیم الحق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی راہنما صدیق الفاروق کے عمران خان پر لگائے جانے والے الزامات انتہائی بے بنیاد اور احمقانہ ہیں۔ وہ شوکت خانم جیسے بڑے فلاحی ادارے پر الزام لگاکر اپنا ایجنڈا پورا کرنا چاہتے ہیں۔