بھارت، افغانستان کا تعلقات بڑھانے، سکیورٹی چیلنجز کا ملکر مقابلہ کرنے پر اتفاق

نئی دہلی(آئی این پی) بھارت اور افغانستان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور سیکورٹی چیلنجز کا ملکر مقابلہ کرنے پر اتفاق کیا ہے، بھارتی سیکرٹری خارجہ سجاتا سنگھ کا کہنا ہے افغان حکام نے یقین دہانی کرائی ہے افغان صدارتی انتخابات کے نتیجے میں بننے والی نئی حکومت بھارت کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے، کابل میں بھارتی سفارتخانے اور دیگر صوبوں میں قونصل خانوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی سیکرٹری خارجہ سجاتا سنگھ نے افغانستان کے 2 روزہ دورے کے دوران حامد کرزئی اور صدارتی امیدواروں عبداللہ عبداللہ اور اشرف غنی سے ملاقاتیں کیں۔ افغان حکام سے ملاقاتوں میں صوبہ ہرات میں بھارتی قونصل خانے پر حملے کی مذمت کی گئی۔ بھارتی سیکرٹری خارجہ کو افغان حکام نے بتایا افغان انتخابات کے نتیجے میں چاہے کسی کی بھی حکومت بنے بھارت کے ساتھ دوستی اولین ترجیح رہے گی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بھارتی سیکرٹری خارجہ نے دورہ افغانستان کے دوران صوبہ ہرات میں ایک دن گزارا اور صوبے کے گورنر سید فیض اللہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہرات میں بھارتی قونصل خانہ جلد ویزا کا اجراء دوبارہ شروع کردے گا اور ضرورت پڑی تو قونصل خانے کو کسی محفوظ مقام پر منتقل کیا جائیگا۔