پاکستان اور بھارت کا اپنی اپنی جیلوں میں موجود قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان اور بھارت نے اپنی جیلوں میں موجود قیدیوں کی فہرستوں کا باہم تبادلہ کیا ہے۔ پاکستان نے اپنی جیلوں میں موجود بھارت کے چار سو تین قیدیوں کی فہرست یکم جولائی کو اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سپرد کر دی دونوں ملک ایک دو طرفہ معاہدہ کے تحت سال میں دو بار، یکم جنوری اور سال کے وسط میں یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرستوں کا باہمی تبادلہ کرتے ہیں۔ دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ چار سو تین بھارتی قیدیوں میں سے 355 ماہی گیر اور 48 سویلین قیدی ہیں۔ بھارت نے اپنی جیلوں میں موجود 278 قیدیوں کی فہرست پاکستان کو ارسال کی ہے اس فہرست کے مطابق بھارتی جیلوں میں پاکستان کے 251 عام شہری اور 27 ماہی گیر قید ہیں۔