فوجی عدالتوں کے معاملے پر حکومتی اتحادی بھی مطمئن نہیں: فضل الرحمن

فوجی عدالتوں کے معاملے پر حکومتی اتحادی بھی مطمئن نہیں: فضل الرحمن

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل  الرحمن نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کے معاملے پر حکومت کی اتحادی جماعتیں بھی مطمئن نہیں۔ ایک واقعہ کی بنیاد پر آئین سے ماورا اقدام پر سوالیہ نشان لگے گا۔ جمہوری ادارے سخت فیصلے اور اقدامات کرتے ہوئے احتیاط سے چلیں۔ ہم نے ایل ایف او کے تحت پرویز مشرف کو وردی میں ایک سال دیا تو اسے بڑا جرم قرار دیا گیا تھا۔ مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی نے ہمارا حشر کیا۔ ہم نے 18ویں ترمیم کے ذریعے تلافی کردی تھی، یہ کیسے کریں گے؟ فوجی عدالتیں کس کے خلاف استعمال ہوں گی، یہ اطمینان نہیں ہورہا۔ ایکشن پلان میں مدارس کے لفظ سے واضح اشارہ ہے کہ یہ ہمارے خلاف استعمال ہو گا۔ انہوں نے بھارتی افواج کی جانب سے ورکنگ بائونڈری پر فائرنگ کے واقعات اور فوجی اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا بھارت فائرنگ واقعات کا سلسلہ بند کردے۔