رجسٹریشن کرا کے ’’گم‘‘ ہو جانیوالی این جی اوز کے اکائونٹس منجمد کر دیئے جائیں گے

اسلام آباد (عترت جعفری) رجسٹریشن کرانے کے بعد عدم پتہ ہو جانے والی تمام این جی اوز کے بینک اکائونٹس منجمد کر دیئے جائیں گے۔ باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صوبائی قوانین کے تحت رجسٹرڈ این جی اوز کے کوائف کی ازسرنو جانچ پڑتال کریں اور جو این جی اوز حساب کتاب پیش نہیں کرتیں، ان کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے۔ وفاقی سطح پر کمپنیز آرڈیننس کے تحت کام کرنے والی این جی اوز جو گوشوارے جمع نہیں کرا رہی ہیں کے ناموں پر مشتمل فہرست سٹیٹ بینک آف پاکستان کو بھیجی جا رہی ہے تاکہ ان کے مختلف بینکوں کے اندر اکائونٹس کو منجمد کیا جا سکے۔ یہ اقدامات دہشت گردی کی فنانسنگ روکنے کے قومی ایکشن پلان کا حصہ ہیں۔