تحریک انصاف کے 3 ارکان قومی اسمبلی کی پارلیمنٹ ہاﺅس آمد، صحافیوں نے خوش آمدید کہا

 اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے 3 ارکان قومی اسمبلی انجینئر حامدالحق خلیل، جنیداکبر اور قیصر جمال کی پارلیمنٹ ہاﺅس آمد، صحافیوں نے خوش آمدید کہا۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی انجینئر جنید اکبر نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ تمام معاملات احسن طریقے سے حل ہوجائیں ۔ عمران خان ہمارے بچوں کے مستقبل کے حوالے سے سب کچھ کر رہے ہیں ۔ ہماری خواہش ہے کہ پارلیمنٹ کے ذریعے عوام کی خدمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ باغی ارکان کیخلاف آئینی راستہ موجود ہے ان کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے جبکہ رکن قومی اسمبلی قیصر جمال نے کہا کہ تمام معاملات کی بہتری کیلئے پرامید ہیں جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہونگے ہم اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے رکن حامدالحق نے کہا کہ جب تک وزیراعظم پر دباﺅنہ ڈالا جائے تب تک وہ کوئی کام نہیں کرتے۔ وزیراعظم نے ابھی تک پی ٹی آئی کے کسی رکن کیلئے بھی فنڈز جاری نہیں کیا ہم بغیر فنڈ کے اپنے حلقوں میں کام کروا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم پارلیمنٹ سے باہر رہے ہم نے پارلیمنٹ کو بہت مس کیا۔ ہماری خواہش ہے کہ ہم پارلیمنٹ کے ذریعے عوام کی بھرپور خدمت کریں تاکہ آنے والے مستقبل میں عوام بہترین نیا پاکستان دیکھ سکیں۔ ناراض ارکان کے حوالے سے حامدالحق نے کہا کہ ان کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے ناراض ارکان کا معاملہ اسی طرح دبا کر رکھا ہوا ہے جس طرح ہمارے استعفے اپنی الماری میں بند کرکے رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے ہم پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔
تحریک انصاف ارکان