کال سیٹ اپ چارجز فوری ختم کئے جائیں پی ٹی اے کی سیلولر موبائل آپریٹرز کو ہدایات

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سیلولر موبائل آپریٹروں (سی ایم اوز) کو حال ہی میں انکی طرف سے عائد کردہ کال سیٹ اپ چارجز فوری طور پرختم کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ پی ٹی اے نے یہ ہدایات ٹیلی کام ری آرگنائزیشن ایکٹ اور کنزیومر پروٹیکشن ریگولیشنز 2009ء کی روشنی میں جاری کی ہیں۔ واضح رہے موبائل آپریٹروں نے گزشتہ ہفتے ہر کال پر کال سیٹ اپ چارجز 10 پیسہ علاوہ ٹیکس عائد کیا تھا اور نئے چارجز کے حوالے سے اپنی ویب سائٹس پر نوٹس شائع کیا تھا۔ پی ٹی اے کی جانب سے یہ اقدام صارفین کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے کیا گیا۔پی ٹی اے نے موبائل آپریٹروں کو فوری طور پر ان چارجز کو ختم کرنے اور ہدایات کی تعمیل کی رپورٹ پیش کرنے کیلئے کہا ہے۔