پرامن ہمسائیگی پاکستان کی خارجہ پالیسی کی اولین ترجیح ہے: سرتاج عزیز

پرامن ہمسائیگی پاکستان کی خارجہ پالیسی کی اولین ترجیح ہے: سرتاج عزیز

اسلام آباد (آئی این پی ) وزیر اعظم کے خارجہ امور اور قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیزنے کہا ہے کہ پرامن ہمسائیگی پاکستان کی خارجہ پالیسی کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کافی پیشرفت ہوئی ہے،پرامن ہمسائیوں کے بغیر معاشی ترقی کا ہدف حاصل نہیں کرسکتے، ان مقاصد کے حصول کیلئے خارجہ پالیسی میں بنیادی تبدیلیاں لائی گئی ہیں، افغانستان کے ساتھ گزشتہ دو سال سے جاری کشیدگی ختم ہوگئی اور دوطرفہ معاشی اور تجارتی تعلقات بہتر ہوئے۔ اپنے ایک انٹرویو میں سرتاج عزیز نے کہا کہ ہم پرامن ہمسائیوں کے بغیر معاشی ترقی کا ہدف حاصل نہیں کرسکتے۔ بھارت سے تعلقات بہتربنانے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ ہم امریکہ کے ساتھ خصوصاً تجارت اور معیشت کے شعبوں میں آزادانہ تعلقات قائم کر رہے ہیں جبکہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے سب سے پہلے چین کا دورہ کیا اور اقتصادی راہداری کا اہم منصوبہ شروع کیا۔ روس، لاطینی امریکہ اور افریقہ کے ساتھ تعلقات بہتربنانے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ ایک سوال پر سرتاج عزیز نے کہا کہ حکومت نے ڈرون حملوں پر واضح موقف اختیار کیا ہے اور اس مسئلے پر حکومت کو بین الاقوامی حمایت حاصل ہورہی ہے۔