راولپنڈی ‘ صوابی میں فائرنگ، حساس ادارے کے ریٹائرڈ ملازم سمیت 2 اہلکار جاں بحق

راولپنڈی+ صوابی (این این آئی+ ثنا نیوز) راولپنڈی میں حساس ادارے کا ریٹائرڈ اہلکار، صوابی میں ائرفورس کا نوجوان  نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق  جبکہ ایک ساتھی شدید زخمی ہوگیا۔ راولپنڈی میں تھانہ ویسٹریج کے علاقے شالے ویلی میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے حساس ادارے کے دو اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔ پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ سے مسرت عباس (ر) افسر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا اور اس کا ساتھی شدید زخمی ہے جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعہ کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔موضع اسوٹہ شریف ضلع صوابی میں چھٹی پر آنے والے پاکستان ائیر فورس کے نوجوان اہلکار کو نامعلوم افراد نے قتل کر دیا۔ پولیس تھانہ پرمولی کی رپورٹ کے مطابق ظاہر شاہ سکنہ آسوٹہ شریف نے ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا ان کا بیٹا فاروق زیب جو ایئر فورس میں خدمات انجام دے رہے تھے چھٹی پر گائوں آ یا ہوا تھا  گذشتہ رات گھر سے نکلا  اگلی صبح ہمیں اطلاع ملی ان کے بیٹے کی نعش قریبی کھیتوں میں پڑی ہے۔ مقتول کی چند یوم بعد شادی ہونے والی تھی۔ وجہ قتل اور ملزمان معلوم نہ ہو سکی۔ پرمولی پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔