سپریم کورٹ کے رواں عدالتی ہفتے میں مقدمات کی سماعت کیلئے 6 بنچ تشکیل

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری  نے  آج سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتہ کے دوران مختلف  مقدمات کی سماعت کیلئے  6بینچ تشکیل دئیے ہیں۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ آج (پیر) سے 8 اہم مقدمات کی سماعت کرے گا۔  پرنسپل سیٹ پر چیف جسٹس افتخار محمد چودھری، جسٹس جواد ایس خواجہ، جسٹس امیر ہانی مسلم پر مشتمل بینچ نمبر ایک  لاپتہ افراد کیس، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست کی سماعت کرے گا۔ لوڈشیڈنگ کیس، رینٹل پاور کیس، سابقہ ادوار میں 650 سے زائد سی این جی لائسنسوں کے اجراء پر از خود نوٹس کیس کی سماعت ہو گی ، سپریم کورٹ بار ہائوسنگ سوسائٹی کے حوالے سے مقدمے کی سماعت، وکلاء تشدد کیس، جماعت اسلامی کی آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف  درخواست کی سماعت ہو گی۔ سیکرٹری دفاع آصف یٰسین ملک کے خلاف توہین عدالت کیس  تھری جی لائسنس کیس، پی آئی اے بدعنوانی کیس، کامران فیصل قتل کیس، اراکین پارلیمنٹ کی جعلی ڈگریوں کے حوالے سے مقدمات   کی سماعت ہو گی۔ جسٹس تصدق حسین جیلانی، جسٹس اعجاز احمد چوہدری اور جسٹس عظمت سعید شیخ پر مشتمل بینچ نمبر2 چیئرمین نیب کی تقرری کے خلاف پی ٹی آئی اور محمود اختر نقوی کی درخواست کی سماعت، سیٖف سٹی پروجیکٹ کیس کی سماعت، پورٹ قاسم اتھارٹی میں عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کر کے غیر قانونی تقرریوں کے خلاف توہین عدالت درخواست کی سماعت،ای او بی آئی میں اربوں روپے کے کرپشن سکینڈل کے خلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت کرے گا۔ جسٹس ناصرالملک، جسٹس گلزار احمد اور جسٹس اقبال حمید الرحمن پر مشتمل   بینچ نمبر3، جسٹس خلجی عارف حسین، جسٹس آصف سعید اور جسٹس مشیر عالم، بینچ نمبر 4 جسٹس ثاقب نثار اور جسٹس اعجاز افضل خان پر مشتمل بینچ نمبر 5  اورجسٹس سرمد جلال عثمانی اور جسٹس محمد اطہر سعید پر مشتمل بینچ نمبر6 دیگر  مقدمات کی سماعت کریں گے۔