راولپنڈی: نیو شکریا ل میں کلینک کے باہر بارودی موادکا دھماکہ‘ عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے

 راولپنڈی(این این آئی)راولپنڈی کے علاقے نیو شکریال میں ایک کلینک کے باہر بارودی مواد کا دھماکہ ہوا،قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکہ خیز مواد شیر خان نامی شخص کے گھر کے باہر ڈبے میں رکھا گیا تھا ،دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے قریبی گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے۔مقامی ذرائع کے مطابق علاقہ مکینوں نے پولیس کو ڈبے کی موجودگی کی اطلاع دی تھی تاہم پولیس کے آنے سے پہلے ہی دھماکہ خیزمواد پھٹ گیا۔ دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکے میں مائع بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔ علاقہ مکینوں نے بروقت کارروائی نہ ہونے پر پولیس کے خلاف احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ سست روی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔