حکومت مدت پوری کریگی‘ عدالتی فیصلہ سے جمہوری ادارے مزید مستحکم ہونگے: زرداری

اسلام آباد (آن لائن) صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کو شکست دینے کے علاوہ ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں‘ اس وقت عوام‘ فوج اور حکومت دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف ایک ہیں‘ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی جبکہ عدالت عظمیٰ کے تاریخی فیصلے سے جمہوری ادارے مزید مستحکم ہوں گے اور آمرانہ قوتوں کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز سابق سینیٹر ملک حاکمین سے ملاقات کے دوران کیا۔ دریں اثناء صدر زرداری نے ملک میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے رینٹل پاور پلانٹس کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں مشیر خزانہ شوکت ترین ا ور وفاقی وزیر نجکاری سید نوید قمر نے ملاقات کی جس میں کے ای ایس سی‘ بجلی کے بحران‘ سرکلر ڈیبٹ کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔