سی ڈی اے عیاشیاں ختم کر دے: اسلام آباد ہائیکورٹ، سڑکوں کا سروے طلب

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سی ڈی اے سے وفاقی دارالحکومت کی سڑکوں کا سروے دو دن میں طلب کر لیا۔ یاسمین حیدر کی جانب سے ان کے کونسل ڈاکٹر محمد اسلم خاکی نے موقف اختیار کیا سی ڈی اے ایف سکس، ایف سیون، ایف ایٹ اور ایف ٹین میں سڑکوں اور گلیوں کی پختگی پر فنڈز خرچ کر رہا ہے تاہم آئی، جی اور ایچ سیکٹرز کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ فاضل عدالت نے سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ ثناءاللہ امان پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا آپ اپنی عیاشیوں کو ختم کردیں ۔ فاضل جسٹس نے سی ڈی اے حکام کو کہا سروے رپورٹس کے بعد عدالت سی ڈی اے کو یہ حکم دے گی وہ اسلام آباد کے متوسط طبقے کے علاقوں کی سڑکوں کی بہتری تک پوش سیکٹر کی کسی سڑک پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کرے گا۔