اسلام آباد میں مشرف کے خلاف مظاہرہ، گرفتار کر کے مقدمہ چلانے کا مطالبہ

اسلام آباد (نامہ نگار) لاپتہ افراد کی بازیابی کی تنظیم ڈیفنس آف ہیومن رائٹس (ڈی ایچ آر) اور پاکستان پروفیشنلز فورم (پی پی ایف) نے سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف کو فوری گرفتار کر کے ٹرائل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ گذشتہ روز دونوں تنظیموں نے پارلیمنٹ ہا¶س کے سامنے ڈی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں ڈی ایچ آر کی چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ، سعد سلیم، جمیل عباسی، اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار کے وکلا سمیت لاپتہ افراد کے ورثا موجود تھے۔ بارش کے باوجود شرکا نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پرویز مشرف کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ آمنہ مسعود جنجوعہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سپریم لاپتہ افراد کے مقدمہ میں پرویز مشرف کو عدالت طلب کرے تو ایک منٹ میں لاپتہ افراد کا پتہ چل سکتا ہے، لاپتہ افراد کے ورثا سالہا سال سے سڑکوں کی خاک چھان رہے ہیں۔