مذاکرات کیلئے تیار ہیں، پُرتشدد کارروائیاں ختم، نقصان کا ازالہ کیا جائے: حامد خان
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حامد خان نے مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کیلئے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فی الفور پُرتشدد کارروائیاں روکے ٗ متاثرین کا ازالہ کیا جائے ٗ مارشل لاء سمیت ہر قسم کے غیر آئینی اقدام کو بھرپور مخالفت کرینگے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حامد خان نے کہا تحریک انصاف پُرامن جماعت ہے 16 دن میں کوئی پتا نہیں ٹوٹا ہم نے نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا جہاں بیٹھے پُرامن رہے ہم کسی عمارت پر دھاوا بولنے والے نہیں تھے۔ عوامی تحریک کے کارکنوں کی جانب سے کرین سے وزیراعظم ہائوس کے دروازے کو اکھاڑنے کے سوال پر حامد خان نے کہا عوامی تحریک کے کارکنوں کے بارے میں کوئی بات نہیں کرونگا۔ جمہوریت میں کبھی مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوتے مذاکرات کی راہ ہموار کر نے کیلئے حکومت فوری پُرتشدد کارروائیاں بند کرے ہم جمہوری عمل کو جاری رکھنے کیلئے مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت متاثرین کا ازالہ کرے۔