پاکستان کو مضبوط علاقائی خارجہ پالیسی ترتیب دینا ہوگی: مشاہد
اسلام آباد (آن لائن)سینیٹ کے پورے ایوان کی ڈرافٹنگ کمیٹی کے ان کیمرہ ا جلاس میں پاک بھارت تعلقات میں سفارشات میں کہا گیا ہے کہ پاکستا ن کی طرف سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی انتہا پسند انہ پالیسیوں،مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارت کی جانب سے دلتوں اور دیگر شیڈو ل کاسٹ کے ساتھ جو ناروا سلوک کیا جا رہا ہے اس کو دنیا کی سامنے لایا جائے،اجلاس میں کل وقتی وزیر خارجہ لانے کی بھی تجویز دی گئی ۔ڈرافٹنگ کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس مشاہد حسین سید کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوا، اجلاس کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط علاقائی خارجہ پالیسی ترتیب دینا ہو گی،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی انتہا پسندانہ پالیسیوں سے نمٹنے کیلئے بھارت میں روشن خیال اور انسان دوست قوتوں کو سپورٹ کرنا ہو گا۔ بھارتی لبرل جماعتوں کانگریس، جنتادل اور دیگر جماعتوں سے رابطہ کرنا ہوگا۔