ممکنہ ماورائے آئین اقدام کیس: دھاندلی سے قائم حکومت کی قانونی حیثیت کیا ہے‘ عوامی تحریک کے سپریم کورٹ میں 13 سوال
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ)سپریم کورٹ میں ممکنہ ماورائے آئین اقدام کیس کی سماعت ہوئی۔ عوامی تحریک کی جانب سے جمع کرائے جواب میں 13سوالات عدالت میں اٹھائے گئے ہیں جن پر آج کی بحث کی جائیگی۔ عوامی تحریک نے سوال کیا ہے کہ دھاندلی سے بننے والی حکومت کی قانونی حیثیت کیا ہے۔ کیا سیاسی جماعتوں اور سرکاری اداروں میں احتساب کا کوئی نظام موجود ہے۔ کیا احتساب کرنے کے ذمہ داروں کو فرض نہیں نبھانا چاہئے؟ کیا 41سال میں تعلیم، صحت ، انصاف کی سہولتوں کی فراہمی میں حکومتیں ناکام نہیں رہی۔ کیا حکومت نے جمہوریت کے نام پر عوام سے کئے وعدے پورے کئے؟ کیا موجودہ نظام میں گڈ گورننس کا فقدان نہیں؟ کیا قومی اداروں اور اثاثوں کی نجکاری کے نام پر لوٹ مار نہیں کی جا رہی؟ کیا اداروں کے سربراہوں کی تقرری میں حکومت عدالت احکامات کی خلاف ورزی نہیں کر رہی؟ کیا حکومت عوام کا استحصال نہیں کر رہی؟ کیا گزشتہ اور موجودہ حکومتیں عوام کے بنیادی حقوق کے نفاذ میں ناکام نہیں رہیں؟ کیا حکومت پڑھے لکھے، ہنر مند جوانوں کو روزگار فراہم کرنے، عوام کے جان مال کو تحفظ فراہم کرنے اور دہشت گردی کے تدارک میں کامیاب رہی ہے۔