مسئلہ کشمیر پر دوروزہ عالمی کانفرنس آج اسلام آباد میں ہوگی
اسلام آباد(کے پی آئی) مسئلہ کشمیر پر دوروزہ عالمی کانفرنس آج ( بدھ کو)کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں شروع ہوگی۔کانفرنس میں آزادکشمیر ، مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کی قیادت کو مدعو کیا گیا ہے جبکہ گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن بھی کانفرنس میں مدعو ہیں۔ میرپور یونیورسٹی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام کانفرنس میں شرکت کے لیے مقبوضہ کشمیر کا تیرہ رکنی وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔ وفد میں جموں و کشمیر سالوویشن فرنٹ کے چیرمین ظفر اکبر بٹ بھی شامل ہیں۔ دو روزہ کانفرنس کے کل آٹھ سیشن ہونگے افتتاحی سیشن کی صدارت صدر ممنون حسین کریں گے۔ کانفرنس میں یورپین پارلیمنٹ کے 4 ممبران ، برٹش پارلیمنٹ کے3 ممبران مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے 5 ممبران مقبوضہ کشمیر کے 4 صحافی 4، سیاسی رہنما ، بھارت کی جواہر لال یونیورسٹی کے دو طلبا بھی شرکت کریں گے۔ افتتاحی سیشن میں چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی مولانا فضل الرحمٰن، مسلم لیگ کے رہنما سینیٹر راجہ ظفرالحق بھی شرکت کرینگے۔