پاکستان فرانس مشترکہ سکیورٹی کمشن کا دوسرا اجلاس وزارت دفاع میں ہوا

راولپنڈی (آن لائن) پاکستان اور فرانس کے مشترکہ سکیورٹی کمیشن کا دوسرا اجلاس جمعہ کو وزارت دفاع میں منعقد ہوا سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل (ر) آصف یاسین ملک اور فرانس کے سیکرٹری جنرل برائے دفاع و قومی سلامتی فرانسز ڈیلون نے اپنے وفود کی سربراہی کی اجلاس میں فرانس کے سفیر فلپ تائی باد بھی شریک ہوئے جبکہ دونوں ملکوں کے خارجہ امور داخلہ‘ قانون‘ انٹیلی جنس اور جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق کمیشن کا یہ اجلاس 5 مئی کو دونوں ممالک کے مابین طے پائے گئے سکیورٹی تعاون کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق ہوا یہ کمیشن سکیورٹی معاملات خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف جنگ اور سکیورٹی تعاون بشمول سکیورٹی شیئرنگ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔