میڈیا کے احتساب کیلئے کمشن کی تشکیل سپریم کورٹ میں درخواستیں سماعت کےلئے منظور

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ آف پاکستان نے 2 سینئر صحافیوں کی جانب سے پاکستان کے میڈیا کا احتساب کمیشن قائم کرنے کے دائر درخواستیں سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں جبکہ عدالت نے میڈیا سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد کو مقدمہ میں فریق بننے کی اجازت دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ اس مقدمہ میں پبلک نوٹس جاری کیا جائے گا تاکہ ملک کے 18 کروڑ عوام میں سے اگر کوئی کچھ کہنا چاہے تو وہ عدالت میں اپنا موقف تحریری طور پر پیش کر ے۔ عدالت نے درخواست گزاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی درخواستوں میں میڈیا مالکان کو فریق بناتے ہوئے آج میڈیا مالکان کی فہرست عدالت میں جمع کرائیں۔ سپریم کورٹ نے اپنے دفتر کو ہدایت کی ہے کہ میڈیا مالکان کے نام موصول ہونے پر ان کو بھی نوٹس جاری کیے جائیں جبکہ نوٹس ملنے پر تمام فریقین اپنے تحریری جوابات عدالت میں پیش کریں۔ گزشتہ روز جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس خلجی عارف حسین پر مشتمل دو رکنی خصوصی بینچ نے مقدمات کی سماعت کی۔