لوڈشیڈنگ پر عوام کو بہکانے والے غلط بیانی کر رہے ہیں‘ بحران ورثے میں ملا: زرداری

 لوڈشیڈنگ پر عوام کو بہکانے والے غلط بیانی کر رہے ہیں‘ بحران ورثے میں ملا: زرداری

 اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) صدر زرداری نے کہاکہ لوڈشیڈنگ پر عوام کو بہکانے والے دراصل عوام سے غلط بیانی کر رہے ہیں، بجلی بحران ہمیں ورثے میں ملا، حکومت بحران پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے، ملک کو اس وقت توانائی کے بحران کا سامنا ہے لیکن محدود وسائل کے باوجود جمہوری حکومت اس بحران پر قابو پانے کیلئے سنجیدہ بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے اور آنے والے چند دنوں میں صورتحال بھی بہتر ہو جائے گی، جمہوری حکومت نے جس طرح تمام مسائل پر قابو پایا اسی طرح لوڈشیڈنگ جیسے بحران سے بھی نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ صدر مملکت نے یہ باتیں وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور سے گذشتہ روز ملاقات کے دوران کہیں۔ ملاقات میں اے این پی کے تحفظات، خیبر پی کے میں جاری شدید لوڈشیڈنگ، ریلوے کی کارکردگی کو بہتر بنانے، پیپلزپارٹی اور اے این پی کے درمیان جاری رابطوں سمیت دیگر معاملات پر غور کیا گیا۔ صدر زرداری سے چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی ندیم افضل چن، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے کیپیٹل ڈویلپمنٹ جمشید احمد دستی اور بہاولپور نیشنل عوامی پارٹی کے قائد نواب صلاح الدین عباسی نے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزیر غلام احمد بلور نے ریلوے بالخصوص خیبر پی کے میں جاری لوڈشیڈنگ سے پیدا ہونے والی صورتحال سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق غلام احمد بلور نے لوڈشیڈنگ کے معاملے پر صدر سے کہاکہ وزارت پانی و بجلی صوبہ خیبر پی کے سے زیادتی کر رہی ہے اور صوبہ کے ساتھ واپڈا سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہا ہے۔ علاوہ ازیں صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ٹریفک حادثات سے بچاﺅ کیلئے موٹر وے پولیس کے اقدامات قابل ستائش ہیں اور ان کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے عوام میں موٹر وے پولیس کی بہتر ساکھ ہے، پاکستان جیسے ملک میں ٹریفک کے مسائل بہت بڑا چیلنج ہےں۔ اس امر کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ایوان صدر میں روڈ سیفٹی انسٹیٹیوٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں ندیم افضل چن نے ملاقات میں پی اے سی کی کارکردگی اور لوڈشیڈنگ کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق صدر زرداری نے ندیم افضل چن کی موجودگی میں واپڈا حکام کو بلا لیا، واپڈا حکام نے یقین دہانی کرائی کہ ندیم افضل چن کے حلقے میں دو دن کے اندر غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کر دی جائے گی۔ مظفر گڑھ سے نامہ نگار کے مطابق جمشید احمد دستی نے روزنامہ نوائے وقت سے ٹیلی فون پر گفتگو کرےت ہوئے بتایا کہ ایوان صدر میں صدر زرداری کو مظفر گڑھ میں فورس لوڈشیڈنگ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور مطالبہ کیا کہ ضلع مظفر گڑھ اور حلقہ این اے 178میں 5سے 6گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جائے جس پر صدر نے فوری طور پر وفاقی وزیر پانی و بجلی احمد مختار کو ہدایت کی وہ جمشید دستی سے ملاقات کرکے صورتحال کو بہتر کریں۔ احمد پور شرقیہ سے نیوز رپورٹر کے مطابق نواب صلاح الدین عباسی نے ایوان صدر میں صدر زرداری سے ون ٹو ون ملاقات کی جو 45منٹ جاری رہی۔ اس ملاقات میں بہاولپور کی صوبائی حیثیت کی بحالی کے علاوہ پاک امریکہ اور پاک چین تعلقات خصوصی طور پر زیربحث آئے۔