بے نظیر قتل کیس کے گواہ امریکی صحافی مارک سیگل کا پاکستان آنے سے انکار
راولپنڈی (آن لائن) بے نظیر قتل کیس کے اہم گواہ امریکی صحافی مارک سیگل نے گواہی کیلئے پاکستان آنے سے انکار کر دیا۔ منگل کے روز بے نظیر قتل کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی جہاں روزانہ کی بنیاد پر بیانات قلمبند کرائے جارہے ہیں، بے نظیر قتل کیس میں گواہی کے لئے جب پراسیکیوٹر ٹیم نے امریکی صحافی مارک سیگل سے رابطہ کیا تو انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ گواہی کیلئے پاکستان نہیں آ سکتا کیونکہ پاکستان میں سکیورٹی کے شدید خطرات ہیں اگر ضروری ہو تو وہ ویڈیو لنک کے ذریعے اپنا بیان ریکارڈ کرا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی صحافی مارک سینگل متعدد بار بیانات میں کہہ چکے ہیں ہیں کہ سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو نے ان سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے مشرف کی دھمکیوں اور زندگی کو لاحق خطرات سے آگاہ کیا تھا۔