کینیڈا: پستول جمع کرنے کا شوقین پاکستانی گرفتار، دہشت گرد قرار
اٹاوا (رائٹرز)کینیڈا میں پولیس نے پستول جمع کرنے والے ایک پاکستانی کو گرفتار کر کے اسے دہشت گرد اور کینیڈا کیلئے خطرہ قرار دیا ہے۔ اٹارنی کے مطابق 30 سالہ محمد عتیق انصاری کو پیر کے روز گرفتار کیا گیا۔ اس کی گرفتاری گزشتہ ہفتے اونٹاریو اور کیوبک میں حملوں میں دو کینیڈین فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سامنے آئی ہے۔ وفاقی افسران نے الزام عائد کیا ہے کہ عتیق انصاری کے پاکستان میں عسکریت پسندوں سے تعلقات ہیں۔ اس نے اسلحہ جمع کیا اور ٹوئٹر پر انتہائی سخت موقف اختیار کیا۔ اس پر کینیڈا کے امیگریشن اینڈ رفیوجی پروٹیکشن ایکٹ کے تحت چارج عائد کیا گیا۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق گزشتہ سال انصاری نے حکام کو رائفلز اور پسٹلز سمیت اسلحہ پر مشتمل 10 اشیاء جمع کرائی تھیں۔ اس وقت اس پر دہشت گردی کے الزامات عائد نہیں کئے گئے تھے۔ عتیق انصاری کا یہ قدم قانونی طور پر حاصل اسلحہ کو غیرقانونی طریقے سے جمع کرنے کے الزامات ختم کرانے کی کوشش کا ایک حصہ تھا۔