ذکی الرحمن کا معاملہ عدالت میں ہے، بھارت جلد بازی نہ دکھائے: عبدالباسط
نئی دہلی (آن لائن) پاکستان نے کہا ہے کہ ذکی الرحمن لکھوی کا معاملہ ابھی عدالت میں ہے۔ بھارت کو اس حوالے سے جلد بازی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہئے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا کہ بھارت کو انتظار کرو اور دیکھو کی پالیسی پر عمل کرنا چاہئے نہ کہ وہ اس معاملے میں جلدبازی کا مظاہرہ کر کے بندوق اٹھا لے اور گولی کب بات کرے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران جب ان سے وزیر خارجہ وی کے سنگھ کے متنازعہ ٹویٹ کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں ہم یہ سمجھتے ہیں بھارت کے پاس وسائل ہیں اور وہ انہیں استعمال کر کے یہ بات یقینی بنائے کہ وہ اقتصادی منزل حاصل کر لے گا کیونکہ بھارت اگر آگے بڑھتا ہے تو میرے خیال میں پورا علاقہ بھارت کے ساتھ ترقی کریگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کو غربت سے نکالنے کیلئے ملکر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ اسلئے ہم سارک ممالک کے ساتھ ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے تیار ہیں۔