مسئلہ کشمیر حل کیا جائے مقبوضہ وادی میں مظاہرے ہڑتال

مسئلہ کشمیر حل کیا جائے مقبوضہ وادی میں مظاہرے ہڑتال

سری نگر (ریڈیو مانیٹرنگ + اے این این) مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسئلہ کشمیر کو حل کرنے پر زور دینے کیلئے مقبوضہ وادی کے متعدد شہروں میں مظاہرے کئے گئے۔ مظاہرین نے امریکی صدر باراک حسین اوباما سے مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔ بھارتی سکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر تشدد کیا جس سے کئی زخمی ہو گئے جبکہ مظاہرین نے سیکورٹی فورسز پر زبردست پتھرائو کیا جبکہ بانڈی پورہ میں جھڑپ میں قابض فوج نے دو مجاہدین کو شہید کر دیا جبکہ ایک فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے جبکہ قابض فوج کی گولہ باری سے تین منزلہ رہائشی مکان بھی مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ پلوامہ میں قابض فوج نے ایک کارروائی کے دوران مجاہدین سے تعلق کے الزام میں دو افراد عبدالقیوم اور محمد مقبول کو گرفتار کرلیا۔ شوپیا ں کے گول چوک کے نزدیک قابض فوج نے دودھ کے کنستر سے 5 کلوگرام دھماکہ خیز برآمد کرلیا۔ دریں اثناء بانڈی پورہ قصبے میں گزشتہ روز دو مجاہدین کی شہادت پر بطور احتجاج مکمل ہڑتال رہی جس کے نتیجے میں دکانیں اور کاروباری ادارے بند اور گاڑیوں کی آمدروفت معطل رہی۔