ایران کیساتھ جوہری مذاکرات، اسرائیل کی دفاعی امداد میں اضافے کا امکان

لندن (بی بی سی) امریکی اور اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات پر اسرائیلی کے خدشات کے پیشِ نظر اسرائیل کی دفاعی امداد میں 2017 کے بعد اضافہ کر دیا جائے گا۔ برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق اس وقت امریکہ ہر برس اسرائیل کو تین ارب ڈالر کی جو فوجی امداد فراہم کرتا ہے۔ اس کی معیاد سنہ 2017 میں ختم ہو جائے گی۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک امریکی اہلکار کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ایک نئے معاہدے پر بات چیت کو حتمی شکل دی جا رہی ہے جس کے بعد امریکہ اوسطاً ہر سال اسرائیل کو تین ارب 60 کروڑ اور تین ارب 70 کروڑ ڈالر کے درمیان امداد فراہم کرے گا۔ دوسری جانب ایک اسرائیلی اہلکار نے بھی نام خفیہ رکھنے کی شرط پر بتایا ہے کہ نئے معاہدے کے تحت امریکہ ہر سال ساڑھے تین ارب سے لے کر چار ارب ڈالر کے درمیان امداد دیا کرے گا۔