شورائے نگہبان نے صدارتی انتخاب میں احمدی نژاد کی کامیابی کی توثیق کردی

تہران (آن لائن) ایران کی شوریٰ نگہبان نے صدارتی انتخاب میں احمد نژاد کی کامیابی کی توثیق کر دی ۔نگران کونسل کے سیکرٹری آیت اللہ جنتی نے وزیر داخلہ کو ارسال کی گئی ایسی حتمی رپورٹ میں صدارتی انتخابات میں اپوزیشن کے دھاندلی کے الزامات کو مکمل طور پر رد کردیا۔ شوری نگہبان نے صدارتی انتخابات کے دوران ملک بھر میں ڈالے گئے ووٹوں میں سے دس فیصد ووٹوں کی گنتی کی۔ اس کے باوجود کہ اپوزیشن رہنما حسین موسوی جزوی گنتی کی تجویز کو مسترد کر چکے ہیں۔ دوسری جانب تہران میں برطانوی سفارت خانے کے عملے کے8 مقامی اہلکاروں کی گرفتاری سے صورت حال انتہائی کشیدہ ہوگئی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ منوچر متقی نے اپنے برطانوی ہم منصب ملی بینڈ کے ساتھ ٹیلی فون پر بات کی ہے اور انہیں بتایا گیا ہے کہ پانچ افراد کو رہا کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر سے پوچھ گچھ ہو رہی ہے۔ ادھر برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے کہا کہیہ الزام غلط ہے کہ برطانوی سفارتخانہ ایرانی مظاہرین کی مدد کر رہا ہے ۔