عراق : خودکش کار بم دھماکہ‘ سات ہلاک‘ یزیدی کمیونٹی کے 110 افراد کی اجتماعی قبر دریافت
بغداد (رائٹرز+بی بی سی) عراق کے شمالی شہر تزخرماتو میں خودکش کار بم دھماکے میں 7افراد ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں میں 2 پولیس اہلکار شامل ‘ 19 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ادھر حکام کا کہنا ہے ملک کے شمال میں 110 سے زائد یزیدی برادری کے افراد کی اجتماعی قبر ملی ہے جبکہ اس قبر میں بارودی مواد بھی نصب کیا گیا تھا۔ یہ قبر نومبر کے آغاز میں عراقی قصبے سنجار کا خود کو دولت اسلامیہ کہنے والی شدت پسند تنظیم سے قبضہ چھڑانے کے بعد اس قصبے کے قریب سے ملی ہے۔ خیال کیا جا رہا کہ سنجار قصبے میں یا اس کے قریب ملنے والی چھٹی اجتماعی قبر ہے۔ جبکہ رپورٹ کے مطابق اطالوی کارکن کے قتل کے الزام میں جیل سے فرار ہونے والا فلسطینی محمود السلفیتی عراق میں داعش کے ہمراہ لڑائی میں مارا گیا۔ ویب سائٹ اور میڈیا رپورٹ کے مطابق 2011ءمیں اسے سزا سنائی گئی لیکن جیل توڑ کر عراق چلا گیا تھا۔ ایک اور ویب سائٹ کے مطابق صوبے انبار میں لڑائی میں شریک تھا۔