بنگلہ دیش ۔ الیکشن تنازعہ حل کیلئے اقوام متحدہ کا نمائندہ دورہ کرے گا

ڈھاکہ (اے ایف پی) بنگلہ دیش میں پارلیمانی الیکشن کے شیڈول کے خلاف اپوزیشن کی ہڑتال تیسرے روز میں داخل ہو گئی، جھڑپوں میں مزید  4 افراد جاں بحق ہو گئے  تعداد 16 ہو گئی۔ ادھر تنازعہ کے حل کیلئے اقوام متحدہ کا نمائندہ بنگلہ دیش کا چار روزہ دورہ کرے گا۔ سیکرٹری خارجہ شاہد الحق نے بتایا اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے سیاسی امور آسکر فرینڈز گرانکو 6 دسمبر کو ڈھاکہ پہنچیں گے اور سیاسی پارٹیوں کی قیادت سے مذاکرات کریں گے۔ کثیر الاشاعت اخبار ’’ڈیلی سٹار‘‘ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے نمائندے بان کی مون کی جانب سے فریقین کیلئے سخت پیغام لے کر آ رہے ہیں اور وہ ان پر شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کرانے پر زور دیں گے۔ اپوزیشن کی ہڑتال کے دوران ٹرانسپورٹ بند اور ریلوے کی سروس بھی جزوی معطل رہی۔ پولیس نے ربڑ کی گولیاں چلائیں اور فائرنگ بھی کی، بعض مقامات پر مظاہرین کی پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئیں۔ مظاہرین کے بس پر پٹرول بم حملے میں خواتین سمیت 18 افراد  جھلس گئے۔ ڈرائیور چل بسا، بس قلابازیاں کھاتے کھمبے سے ٹکرا گئی۔ بعض مسافروں نے  بس سے کود کر جان بچائی۔ اے این پی کے مطابق 3 روز میں جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 16 ہو گئی۔ سکیورٹی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ مظاہرین نے بس پر پٹرول بم پھینکا۔