ایران ۔ زلزلے سے7 افراد ہلاک 30 زخمی ۔۔ ایٹمی پلانٹ محفوظ رہا

تہران/ویانا(نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) ایران کے شہر بوشہر میں زلزلے سے7 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے سے متعدد گھروں اور کھمبوں کو نقصان پہنچا۔  ایٹمی پلانٹ بھی اس شہر میں واقع ہے جو محفوظ رہا۔ ایران نے عالمی ادارہ برائے جوہری توانائی (آئی اے ای اے) کو آرک میں بھاری پانی تیار کرنے والے پلانٹ کا معائنہ کرنیکی دعوت دیدی۔ یہ بات عالمی ادارہ برائے جوہری توانائی کے ڈائریکٹرجنرل یوکیا آمانو نے جمعرات کو آئی اے ای اے بورڈ آف گورنرز کے بند  کمرے میں اجلاس کو بتائی۔ انہوں نے کہا کہ میں بورڈ کو مطلع کرنا چاہتا ہوں کہ ہمیں ایران کی جانب سے 8 دسمبر کو آرک میں بھاری پانی تیار کرنے والے پلانٹ کا معائنہ کرنے کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔