کرونا وائرس، سعودی عرب کا عمرہ و حج زائرین کیلئے نئی پالیسی کا اعلان

ریاض (این این آئی) سعودی عرب نے کرونا وائرس کے پیش نظر پاکستان سمیت دنیا بھر کے حج و عمرہ زائرین کے لئے نئی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دل،گردوں کے مریض، عمر رسیدہ افراد، تین سے پانچ سال کے بچے اور حاملہ خواتین حج وعمرہ ملتوی کر دیں، سعودی وزارت صحت سے جاری ایک بیان میں کہاگیاکہ حج وعمرہ پالیسی میں تبدیلی کی وجہ کرونا وائرس ہے۔ بیان میں کہاگیاکہ یہ اقدام انسانی جانیں بچانے کے لئے اٹھایاگیاکیونکہ غیرملکی زائرین یہاں آکر اس مرض میں مبتلاہوسکتے ہیں اورپھر یہی وائرس دنیا بھر میں پھیل کر تباہی مچا سکتا ہے۔ بیان کے مطابق عمرہ زائرین کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ احتیاط برتیں۔  بیان کے مطابق اس وقت سعودی عرب میں موجود غیرملکی زائرین کے لئے ریاض، جدّہ اور دمام کے تین ہسپتالوں میں مرس کے علاج کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ سعودی باشندوں نے سوشل میڈیا پر اس سلسلے میں حکومت کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔