پاکستان اور بھارت وسائل سے مالامال جنوبی ایشیاء کے دو بڑے ملک ہیں: عبدالباسط

پاکستان  اور بھارت وسائل سے مالامال جنوبی ایشیاء کے دو بڑے ملک ہیں: عبدالباسط

نئی دہلی(آن لائن) بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت زبردست توانائی اور وسائل سے مالامال جنوبی ایشیاء کے دو بڑے ممالک ہیں جبکہ دوونوں ممالک کو خطے میں غربت یا بھوک‘ افلاس اور ناخواندگی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئی دہلی کے تین سکولوں کے طلباء اور اساتذہ کے پاکستانی ہائی کمیشن کے دورے کے دورے کے موقع پر کیا۔ ہائی کمیشن کا دورہ کرنے والے طلباء میں  پاکستانی اور بھارتی سکولوں کے درمیان باہمی مفاہمت اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے جاری پروگرام اور ایکسچینج 2013ء تا 2015ء میں حصہ لینے والوں میں سے تھے۔ ہائی کمشنر عبدالباسط نے طلباء کا پرجوش استقبال کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے نوجوانوں کے درمیان اس طرح کے تبادلے مستقبل کے امن و استحکام کیلئے انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کو صرف اپنی ذات تک محدود رہنے کی بجائے اردگرد کے حالات پر گہری نظر رکھنی چاہئے۔ طلباء کو پاکستانی ثقافت اور عوام بارے ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔