آرمی چیف فوجی مشقوں کا مشاہدہ کرنے کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے

ریاض( این این آئی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سعودی فوجی مشقوں ’’ شمشیرِ عبداللہ‘‘ کا مشاہدہ کرنے کے لئے  دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ کو اس دورے کی دعوت سعودی ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز السعود نے دی ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف آج   بحرین کے بادشاہ، متحدہ عرب امارات کے ولی عہد، اردن کے وزیر اعظم اور خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے فوجی کمانڈروں کے ہمراہ سعودی فوجی مشقوں کا مشاہدہ کریں گے۔ سعودی عرب روانگی کے موقع پر پاک فوج کے سینئر افسروں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو نور خان ایئر بیس پر الوداع کہا۔ سعودی عرب میں تاریخ کی سب سے بڑی جنگی مشقیں جاری ہیں۔ ان مشقوں میں مسلح افواج کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افسر اور جوان حصہ لے رہے ہیں۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایک ہی وقت ملک کے جنوب، مشرقی اور شمالی علاقوں میں جاری جنگی مشقوں میں وزارت دفاع کے اہلکار اور نیشنل ڈیفنس فورس بھی شامل ہیں۔ فوجی مشقوں کو موثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے ہوائی اور بحری جہاز، جنگی ہیلی کاپٹرز، ٹینک، میزائل اور میزائل شکن ہتھیاروںکا بھی بڑے پیمانے پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ سعودی عسکری ماہرین کا کہنا ہے کہ مملکت میں جاری جنگی مشقیں کسی دیدہ اور نادیدہ دشمن کے لیے یہ پیغام ہے کہ ریاض اپنے دفاع سے غافل نہیں اور قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے کا پوری قوت سے مقابلہ کیا جائے گا۔