لندن واقعہ کے ذمہ دار بیرسٹر سلطان محمود ہیں، میرا کوئی کردار نہیں: حسن نیازی

لندن واقعہ کے ذمہ دار بیرسٹر سلطان محمود ہیں، میرا کوئی کردار نہیں: حسن نیازی

لندن / اسلام آباد (آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بھانجے حسن نیازی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا کوئی قصور نہیں، لندن کے واقعہ کے اصل ذمہ دار بیرسٹر سلطان محمود ہیں۔ ملین مارچ کے منتظمین کو بتایا گیا کہ بلاول بھٹو زرداری ملین مارچ سے خطاب کریں، بعد میں ان کے نہ آنے کا اعلان کیا گیا۔ لوگوں میں مایوسی ہوئی، اچانک جب بلاول سٹیج پر آئے تو مائیک سے جئے بھٹو کے نعرے لگائے گئے۔ سٹیج سے سیاسی نعرے لگنے پر نیچے کھڑے کچھ لوگوں نے نوازشریف زندہ باد کے نعرے لگائے جس سے ملین مارچ کا ماحول کشمیر کاز سے زیادہ پاکستان کا سیاسی منظر نامہ پیش کرنے لگا۔ سٹیج کے قریب کھڑے بعض لوگوں نے گوبلاول گو کے نعرے لگائے، ہنگامہ آرائی اور سٹیج پر بوتلیں، انڈے ٹماٹر پھینکنے میں میرا کوئی کردار نہیں۔ میرا مقصد کسی پر ٹماٹر اور بوتلیں پھنکوانا ہرگز نہیں تھا، میری گرفتاری پر میرے گھر والوں اورعزیزو اقارب کو دکھ پہنچا۔